بنگلورو،30؍مئی(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی کے خلاف کانگریس نے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نوٹس کونسل سکریٹری کے پاس جمع کرائی جاچکی ہے۔ 5جون سے شروع ہونے والے اجلاس کے دوران کانگریس پارٹی نے شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ پر سینئر کانگریس لیڈر ایس آر پاٹل کو کونسل چیرمین بنانے کی پہل کی ہے۔75رکنی ایوان بالا میں 35 سیٹیں رکھنے والی کانگریس تین دیگر اراکین کی مدد سے چیرمن شپ کے عہدہ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ایس آر پاٹل جو کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کے مضبوط دعویدار تھے، اب اعلیٰ کمان کی طرف سے ڈاکٹر پرمیشور کو ہی کے پی سی سی صدارت پر برقرار رکھنے کے فیصلے کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ایس آر پاٹل کو کونسل چیرمین بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اسی وجہ سے موجودہ چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ دوسری طرف جنتادل (ایس) بھی کونسل کیلئے چھ بار منتخب اور وزیر اعلیٰ سدرامیا کے قریبی سمجھے جانے والے بسوراج ہوراٹی کو ایوان بالا کے چیرمین بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ دیکھنا ہے کہ اس سلسلے میں کانگریس ہوراٹی کی حمایت کرنے آمادہ ہوتی ہے یا نہیں۔